سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم منتخب ہوگئے،قومی اسمبلی نے آج اپنے 18ویں قائد ایوان کا انتخاب کرلیا۔
عبوری وزیراعظم کے لیے ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی ،تحریک انصاف کے شیخ رشید، پیپلزپارٹی کے نوید قمر اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ وزارت عظمیٰ کے درمیان مقابلہ تھا۔
وزیر اعظم کے انتخاب کے سلسلے میں اسپیکر اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں اجلاس ہوا، شاہد خاقان عباسی نے 221ووٹ حاصل کیے، ان کے مقابلے میں نوید قمر 47، شیخ رشید 33 ووٹ لے کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ صاحبزادہ طارق اللہ نے 4ووٹ حاصل کیے۔
قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کا ایجنڈا وزیراعظم کا انتخاب تھا تاہم اجلاس شروع ہوتے ہی نومنتخب رکن اسمبلی عثمان بادینی نے حلف لیا۔
اس حوالے سے ن لیگ کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو جمعیت علمائے اسلام (ف) اور ایم کیوایم پاکستان کی حمایت حاصل رہی۔
تحریک انصاف کے امیدوار شیخ رشید کو مسلم لیگ (ق) کی حمایت حاصل تھی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے 2 امیدواروں قمر نوید اور خورشید شاہ کو نامزد کیا تھا، جن میں سے خورشید شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کی حمایت کے اعلان کے بعد کشور زہرہ کو دستبردار کردیا گیا۔