• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانامالیکس فیصلہ سے ہماری کرپشن فری مہم کو تقویت ملی ،سراج الحق

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پانامالیکس کافیصلہ آنے سے جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کو تقویت ملی ہے۔جماعت اسلامی سب کا بلاامتیاز احتساب چاہتی ہے۔پانامالیکس میں شامل دیگر 400پاکستانیوں کابھی محاسبہ کیاجاناچاہئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزسنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی پنجاب کی پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی گزشتہ سال اپریل سے کرپشن کے خلاف تحریک چلارہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جس نے بھی ملکی دولت لوٹی ہے اس کاکڑااحتساب ہونا چاہئے۔  اس وقت پاکستان میں ہمارے لیے ماحول بہت اچھا ہے۔ہم پورے ملک میں الیکشن کی بہترتیاری کرکے اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔کارکن آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔انہوں نے کہاکہ میں جماعت اسلامی پنجاب کو اس اجتماع کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتاہوں۔یہ اجتماع ملک میں اسلامی انقلاب کاذریعہ بنے گا۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاکہ آرٹیکل 62اور63کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔ خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی کے رہنماعنایت اللہ خان نے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماراالمیہ ہے کہ70برس گزرجانے کے باوجودآج بھی محب وطن قیادت کا فقدان قومی مسئلہ ہے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی پنجاب کی سنگوٹہ سوات میں جاری پانچ روزہ تریت گاہ کااختتام ہوگیا۔علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے شاہد خاقان عباسی کو پاکستان کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات، حقیقی احتساب اور قومی اداروںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے قومی ایجنڈے پر کام کریں گے ۔  امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ملک میں جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے اور جمہوریت اور جمہوری ادارے آئین کے تقاضوں کے مطابق کام کرتے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا مختصر دور اقتدار قومی تاریخ میں ایک گواہی کے طور پر موجود رہے گا اس لیے ضروری ہے کہ نئے وزیراعظم چند روزہ اقتدار کو یاد گار بنانے کے لیےپارٹی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیں ۔
تازہ ترین