راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور دیگر سماج دشمن عناصر کیخلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران 4سو 47ملزموں کو گرفتار کر کے 147کلو گرام سے زیادہ چرس، 3کلو گرام سے زائد ہیروئن، ایک کلو دو سو گرام افیون اور 7ہزار 8سو 83لٹر کھلی شراب برآمد کی، جبکہ قمار بازوں سے 4لاکھ 66ہزار روپے نقد، 62موبائل فون اور 4موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لئے گئے۔ راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد خان عباسی کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے گزشتہ ماہ 9سے 31جولائی کے دوران منشیات فروشوں اور قمار بازوں کیخلاف چلائی۔ اس مہم کے دوران 23دنوں میں 443مقدمات درج کر کے 447ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شدگان کے قبضہ سے چرس‘ ہیروئن‘ افیون اور شراب کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔ قمار بازوں کیخلاف کارروائی میں 17مقدمات درج کر کے 97ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اُنکے قبضہ سے 4لاکھ 66ہزار 120روپے‘ 62موبائل فون اور 4موٹر سائیکل قبضہ میں لئے گئے۔