سکھر (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی طرح سکھر شہر سمیت گردو نواح کے علاقوں میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے اور جوش و جذبے سے منانے کے لئے تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ شہریوں و تاجروں کی جانب سے گھروں، دکانوں، گلی و محلوں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے جارہے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز و دیگر سامان کی فروخت کے لئے اسٹال بھی سج گئے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی اگست کا مہینہ شروع ہوتے ہی سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، علی واہن سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں آزادی کا جشن منانے کیلئے تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرادیے ہیں جبکہ شہر کے مختلف کاروباری علاقوں میں دکانداروں کی جانب سے اپنی دکانوں کے باہر قومی پرچم لگادیے ہیں، شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں سمیت شہر کے تمام علاقوں میں بچوں کی جانب سے اپنے گلی و محلوں میں جھنڈیاں لگاکر سجاوٹ کی جارہی ہے۔ اسی طرح شہر کے مختلف تجارتی مراکز غریب آباد، پان منڈی، گھنٹہ گھر چوک، مہران مرکز و دیگرمیں سبز ہلالی قومی پرچموں، جھنڈیوں اور بیجز کی فروخت کے لئے اسٹال سج گئے ہیں جہاں پر مرد و خواتین و بچے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز و دیگر سامان کی خریداری میں مصروف عمل ہیں۔
شہری اپنی پسند کے قومی پرچم و بیجز کی خریداری کررہے ہیں، بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے اسٹالز پر خصوصی اشیاء لگائی گئی ہیں، جن میں چوڑیاں، سبز ہلالی رنگ کے ملبوسات، ٹوپیاں و دیگر اشیاء شامل ہیں۔ہالا۔نیوسعیدآباد، مٹیاری، بھٹ شاہ، ہالا اولڈ اڈیرو لال خیبر سمیت ضلع کے تمام شہر ودیہات کی دکانوں، مکانوں اور اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرادیئے گئے۔سماجی اور شہری تنظیموں کے علاوہ شہریوں کی جانب سے پاکستان کے جھنڈوں اسٹیکرز، رنگ برنگی جھنڈیوں برقی قمقموں کی سجا وٹ کا مقابلہ شروع ہوگیا۔
قومی پرچم اور جشن آزادی کی نسبت سے اسٹیکرز بیجز، ٹوپیاں اور دیگر سامان کے اسٹالز پر خریداروں کے رش نے عید کا سماں پیدا کر رکھا ہے۔ اسٹالوں پر ماضی کے جنگی اور قومی ترانہ عوام کی بھر پور توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پر مختلف اسپورٹس کلبوں اور تنظیموں نے کرکٹ کبڈی ملاکھڑو سائیکل ریس ویٹ لفٹنگ گھڑ دوڑ پتنگ بازی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔