اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) 27 وفاقی وزیراور 16 وزرائے مملکت پرمشتمل 43 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ خواجہ محمد آصف وزیرخارجہ،احسن اقبال وزیر داخلہ ، خرم دستگیر وزیر دفاع ،اسحاق ڈار وزیر خزانہ ، سردار محمد یوسف وفاقی وزیر مذہبی امور، مریم اورنگزیب وزیر مملکت اطلاعات اور سائرہ افضل تارڑوفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز رہیں گے، نئے چہروں میں دانیال عزیز کو وزارت مملکت امور کشمیر، جنید انوار کو وزیر مملکت مواصلات ، کا قلمدان حوالے کیا گیا ۔
کابینہ ڈویژن نے43رکن نئی وفاقی کابینہ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔ کابینہ میں27وفاقی وزراء اور16وزرائے مملکت شامل ہیں۔یہ کابینہ حجم کے اعتبار سے سابقہ کابینہ سے بڑی ہے کیونکہ نوازشریف کابینہ میں20وفاقی وزراء اور9وزرائے مملکت شامل تھے۔ البتہ ان کے چھ مشیراورنومعاونین خصوصی بھی تھے جو غیرمنتخب افراد پر مشتمل تھے۔حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدرمملکت ممنون حسین نے وزراء اوروزرائے مملکت سے حلف لیا اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی وسینیٹ، ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ پہلے وفاقی وزراءاور بعد میں وزرائے مملکت سے حلف لیاگیا۔جس کے بعد کابینہ نے کام شروع کر دیا۔
کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق27وفاقی وزراء میں حافظ عبدالکریم لیفٹنٹ جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ، شیخ آفتاب احمد، احسن اقبال، اکرم خان درانی، مولانا امیر زمان، سرداراویس احمد خان لغاری، غلام مرتضیٰ خان جتوئی، میرحاصل خان بزنجو، سید جاوید علی شاہ، سنیٹرکامران مائیکل، خرم دستگیرخان، خواجہ محمدآصف، محمدبلیغ الرحمٰن، محمدبرجیس طاہر، سنیٹرمحمداسحٰق ڈار ، محمدپرویز ملک، سردار محمدیوسف، سنیٹرمشاہد اللہ خان ، ریاض حسین پیرزادہ، خواجہ سعد رفیق، پیرسید صدرالدین شاہ راشدی، سائرہ افضل تارڑ،سنیٹرلیفٹنٹ جنرل(ر) صلاح الدین ترمذی، سکندر حیات بوسن، رانا تنویر حسین اور زاہد حامد شامل ہیں۔
16وزرائے مملکت میں عبدالرحمٰن کانجو، عابد شیرعلی، مسز انوشہ رحمٰن، ڈاکٹر روشن، غالب خان، چوہدری جعفر اقبال، جام کمال خان، مریم اورنگزیب، محسن شاہنواز رانجھا، حاجی محمداکرم انصاری، پیرمحمدامین الحسنات، سردارمحمدارشد خان لغاری، محمدجنید انوارچوہدری، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور عثمان ابراہیم شامل ہیں۔نئی وفاقی کابینہ میں نئے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں سینیٹر مشاہد اللہ خان، پرویز ملک، طلال چوہدری، جنید انوار چوہدری، دانیال عزیز اور محسن شاہنواز شامل ہیں۔تجزیہ کاروں نے خواجہ آصف کو وزیر خارجہ بنائے جانے کے فیصلے کو کافی اہم قرار دیاہے ۔ ماضی میں کل وقتی وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر کڑی تنقید کی جاتی رہی ہے۔ذرائع کے مطابق دانیال عزیز وزیر مملکت وزارت امور کشمیر کا عہدہ ملنے پر ناراض ہوگئے۔ انہوں نے ووفاقی وزارت دیئے جانے کا مطالبہ کیاتھا تاہم انہیں وزارت مملکت دی گئی جس پر وہ ناراض ہوگئے اورحلف اٹھانے ایوان صدر نہ آئے۔ حلف نہ اٹھانے والوں میں دانیال عزیز دوستین ڈومکی اور ممتاز تارڑ شامل ہیں۔ ایک وفاقی وزیر اور دو وزرائے مملکت نے حلف نہیں اٹھایا ۔
وزارت توانائی کے نام سے نئی وزارت بھی قائم ہو گی ۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوئے۔ دریں اثناء کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزراء اوروزرائے مملکت کے محکموں کا اعلان کردیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق26وفاقی وزراءکو محکمے دیئے گئےہیں۔
مشاہد اللہ خان کو موسمیاتی تغیر، محمدپرویز ملک کو تجارت حافظ عبدالکریم مواصلات، انجینئرخرم دستگیر کو دفاع، رانا تنویرحسین کو دفاعی پیداوار، محمدبلیغ الرحمن کو وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، محمداسحٰق ڈار خزانہ، خواجہ محمدآصف خارجہ امور، اکرم خان درانی ہائوسنگ وتعمیرات، غلام مرتضیٰ خان جتوئی صنعت و پیداوار، احسن اقبال داخلہ، ریاض حسین پیرزادہ بین الصوبائی رابطہ ڈویژن محمدبرجیس طاہر امورکشمیر، گلگت بلتستان، زاہد حامد قانون و انصاف لیفٹنٹ جنرل(ر) صلاح الدین ترمذی انسداد منشیات ڈویژن، سکندرحیات بونس نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، سائرہ افضل تارڑ نیشنل ہیلتھ سروسز، پیرصدرالدین راشدی اوورسیز پاکستانیز ڈویژن، شیخ آفتاب احمدپارلیمانی امور، میرحاصل بزنجو پورٹس اینڈ شپنگ، مولانا امیرزمان پوسٹل سروسز، خواجہ سعد رفیق ریلویز، سردارمحمدیوسف مذہبی امور، لیفٹنٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ سیفران، کامران مائیکل شماریات اور سید جاوید علی شاہ کو آبی وسائل کی وزارت کا حکمران سونپا گیا ہے۔13 وزرائے مملکت کے محکموں کابھی اعلان کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرطارق فضل چوہدری کو کیڈ، حاجی محمداکرم انصاری کو تجارت و ٹیکسٹائل محمدجنید انوارچوہدری مواصلا ت، سردارمحمداویس لغاری صنعت و پیداوار مریم اورنگزیب اطلا عا ت و نشریات، انوشہ رحمن انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر روشن بین الصوبائی رابطہ، عبدالرحمن کانجو اوورسیزپاکستانیز ڈویژ ن، جام کمال خان پیٹرولیم، چوہدری جعفراقبال پورٹس اینڈ شپنگ، پیرمحمدامین الحسنات مذہبی امور، غالب خان سیفر ان اورعابد شیرعلی کو بجلی کا قلمدان دیاگیاہے۔