سکھر (بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے کہا ہے کہ سکھر رینج میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران 65 پولیس کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ہمیں پولیس کے شہداء پر فخر ہے کہ جنہوں نے ڈاکوؤں اور دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔دہشتگرد عوام کی طاقت کو کم کرنا چاہتے ہیں،ہمارے نوجوانوں نے قربانیاں دیکر دہشتگردوں کے مقصد کو پیچھے دھکیل دیا ہے، دہشتگردوں کی کمر کافی حد تک ٹوٹ گئی ہے اور وہ بھاگ رہے ہیں، فاٹا میں فوری طور پر ریفامز کی ضرورت ہے، ملک میں ایک جیسا نظام نافذ کرکے دہشتگردی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، وہ سندھ پولیس کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ سے بڑی حد تک دہشتگردی کا خاتمہ ہوا ہے، آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے جس میں پولیس کے ان جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں، پوری پولیس فورس کو ان پر فخر ہے ، ہم شہدائے پولیس کے ورثاء کے ساتھ ہیں، جو بھی پولیس کے شہداء ہیں ان کے ورثاء کو 60سال تک تنخواہ، 2نوکریاں اور 50لاکھ روپے نقدی دیئے جارہے ہیں اور ان کے بچوں کو تعلیم سمیت دیگر مراعات بھی فراہم کی جارہی ہیں، ہم شہداء کو کبھی نہیں بھولتے ، انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، شہداء کی قربانیوں کی بدولت امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔