کوئٹہ(صباح نیوز)عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کا اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر ملک ابراہیم کاسی باچا خان مرکز میں منعقد ہوا جس میں تنظیمی کارکردگی اور ضلع میں امن وامان ، عدم شفافیت ، بنیادی انسانی ضرورتوں کے فقدان پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اجلا س میں سانحہ 8 اگست کے شہداء کی پہلی برسی کی مناسبت سے پارٹی کے زیر اہتمام 7 اگست کو مظاہرے ، 8 اگست کو شٹرڈاؤن ہڑتال اور 9 اگست کو سائنس کالج ظریف شہید اڈیٹوریم میں سہ پہر 3 بجے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹ صدور ، سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے بنیادی یونٹوں کے اجلاس منعقد کرکے مذکورہ بالا سہ روزہ احتجاجی شیڈول کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں اور 12 اگست کو یوم بابڑہ کی مناسبت سے باچا خان مرکز میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ شہداء بارے انکوائری کمیشن کو معمول کی کارکردگی کی طرح فائلوں کا نذر کردیا گیا اور حکمرانوں کو اپنی کرسی بچانے اور کرپشن چھپانے کی فکر لاحق ہوچکی ہے جس سے یقینا پشتون بلوچ اقوام کے ذہنوں میں تحفظات و خدشات جنم لیں گے ۔ اجلاس میں سرکل نواں کلی زلمئی یونٹ کے رکن عبدالواسع کی رکنیت مسلسل تنظیمی خلاف ورزیوں کی بناء پر معطل کیا گیا اور یونٹ کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ عبدالواسع نامی شخص سے کسی قسم کا سیاسی تنظیمی رابطہ نہ رکھیں ۔