سکھر (بیورو رپورٹ) ملک کے بالائی علاقوں میں ہونیوالی بارشوں کا پانی دریائے سندھ میں آنے کے بعد سکھر بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی۔ اس وقت سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ محکمہ آبپاشی کا عملہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ ہیں۔
سکھر بیراج کے کنٹرول روم کے انچارج عبدالعزیز سومرو کے مطابق سکھر بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں ایک بار پھر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 2لاکھ 268کیوسک ہے اور یہاں سے کوٹری بیراج کے لئے 1لاکھ 44ہزار8کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔ اس وقت سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہیں، محکمہ آبپاشی کے ماہرین کے مطابق سکھر بیراج کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلابی ریلہ ہے جو باآسانی سکھر بیراج سے گزرکر کوٹری بیراج میں داخل ہوجائیگا۔ دوسری جانب سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کے افسران کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ ہیں اور تمام بچاؤ بندوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔