کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ کے لئے اسلام آباد میں لگائے گئے تربیتی کیمپ سے13 کھلاڑیوں کو فزیکل ٹیسٹ میں ناکامی پر باہر کردیا ہے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کی ابتر حالت کے باوجود لگائے گئے تر بیتی کیمپ میں پی ایچ ایف کی ناہلی کی وجہ سے قومی کھلاڑی تاحال کھیل کی پر یکٹس نہیں کر سکے ہیں اورٹیم انتظامیہ کی تمام توجہ انڈور فزیکل ٹریننگ پر مرکوز ہے۔ فیڈریشن نے ایشیاء کپ کے لئے ابتدائی ٹرائلز 10،11 اگست کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کے بجائے آرمی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اس کے وقت کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ ادھر بریگڈیئر ڈاکٹر یوسف بیگ اور پی ایس بی کے فزیکل ٹرینرنصر اللہ کی نگرانی میں کیمپ میں شریک 64 کھلاڑیوں کا فزیکل ٹیسٹ لیا گیا ۔ اس دوران کھلاڑیوں کو پش اپ سمیت مختلف مراحل سے گذرنا پڑا جس میں 13کھلاڑی ایم عتیق، ندیم، عثمان، شان بخاری، محسن صابر، فراز ڈار، اویس الرحمان، اسد عزیز، فیصل رشید، سینٹر فاروڈ کاشف علی، سہیل منظور اور قاضی اسفند یار مقرر کردہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے جس کے بعد ان کھلاڑیوں کو کیمپ سے خارج کردیا گیا ۔