کوئٹہ(نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد انور کاسی اور دیگر معزز ججز نے 8اگست کے المناک سانحہ کی برسی کے موقع پرتعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ان کے لواحقین کے غم میں شرکت کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کوئٹہ بار کے شہید وکلاء کی پیشہ ورانہ خدمات اور قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کی بے مثال قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کیلئے انکا مشن بطریق احسن جاری رکھا جائے گا۔ شہید بلال انور کاسی کے اندوہناک قتل اور بعدازاں ہسپتال میں ان کی میت پر اکھٹے ہونے والے وکلاء پر خودکش حملے کی دہشت گردانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
دریں اثناء ایک سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس سانحہ کے ذمہ داروں کا نہ پکڑا جانا ریاستی مشینری کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، سانحہ میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان کا ازالہ تو ممکن نہیں ہے لیکن پیدا ہونے والے خلاء کو سرعت سے پر کرکے کوئٹہ کے عظیم وکلاء نے سماج دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنادیا ہے اور آزمائش سے استقلال کے ساتھ سرخرو ہوئے ہیں جو نہایت امید افزا امر ہے۔