جیکب آباد(نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات وسابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ پہلے ’’جے آئی ٹی‘‘ کا مسئلہ تھا اب’’ جی ٹی ‘‘روڈ کامسئلہ ہے اگر جے آئی ٹی کے وقت جی ٹی روڈ استعمال کرتے تو مثبت ثابت ہوسکتا تھا، پاکستان میں پہلے مائنس ون کی بات کی جاتی تھی اب لگتاہے کہ مائنس 6ہوگا ،پرویزمشرف کی پاکستان آمد اشارہ دیتی ہے کہ الیکشن سے پہلے سلیکشن ہوسکتی ہے، بڑے میاں کا تختہ توالٹ گیا اب چھوٹے میاں کے لیے طاہر القادری آئے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر سے لگتاہے کہ ایک نئے میثا ق جمہوریت کی ضرورت درپیش ہوگی ، اگرحالات مائنس6کی طرف گئے تو کل ایک ہی ٹرک پر پنجاب کے میاں اور بیوی کے میاں نظر آئیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ نئے وزیر اعظم کے آنے سے جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچا البتہ میاں نوازشریف نے جو اندازاپنایا ہے وہ اپنے آپ کو مزید نقصان ضرور پہنچائیں گے ۔