کراچی (جنگ نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ مجھے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا چیئرمین بنانے کے بارے میں ہاکی فیڈریشن نے کچھ نہیں بتایا، پاکستان ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار سیکریٹری شہباز احمد سینئر اور فیڈریشن ہے ،پاکستان ہاکی دن بدن نیچے آتی جارہی ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحیٰی حسینی کو انٹرویو دیتے ہوئے سمیع اللہ نے کہا کہ پہلے بھی ہاکی فیڈریشن نے ایک تھنک ٹینک بنایا تھا، جس کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا تھا۔ ہاکی فیڈریشن کو اس وقت ایشیا کپ کی تیاریوں کے بار ے میں سوچنا چاہیے ۔ جسے شروع ہونے میں صرف ایک مہینہ باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فیڈریشن میں سلیکٹر کی حیثیت سے کام کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن اسکے لیے ہر کسی کو سنجیدہ ہونا پڑے گا اور نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔ سمیع اللہ نے مزید کہا کہ سیکریٹری شہباز سینئر ایک متنازعہ آدمی ہیں، ان کے ساتھ کام نہیں کرسکتا۔ اگر ایشیا کپ میں مثبت نتائج سامنے نہ آئیں تو شہباز سینئر کو اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔