اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف آف ائر سٹاف‘ ائرچیف مارشل سہیل امان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ائرچیف نے پاکستان ائرفورس کے جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی امور پر وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان ائرفورس کی مختلف ترقیاتی سکیموں کو سراہا جن سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے دہشتگردی کے عفریت سے نمٹنے کے لئے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان ائر فورس کے اہم کردار کا خصوصی ذکر کیا۔ وزیر خزانہ نے ائر چیف کو یقین دہانی کرائی کہ دفاعی ضروریات کو پورا کرنا ن لیگ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے اور یقین دہانی کراتی ہے کہ پاک فضائیہ کی تمام مالیاتی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ ملاقات کے موقع پر سیکرٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔