• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیجیٹل کرنسی یا کرپٹو کرنسی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، راشد عالم

Digital Currency Or Crypto Crrency Has No Legal Status Rashid Alam

ڈیجیٹل کرنسی یا کرپٹو کرنسی (crypto currency)کی خریدوفروخت اوراس سے منسلک کاروبار میں سرمایہ کاری کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور فی الوقت اس سے وابستہ تجارتی لین دین کو دنیا کا کوئی بھی ملک کسی قسم کا کوئی قانونی تحفظ فراہم نہیں کرتا ہے۔

یہ ایک مجازی پیسے (virtual money) کی قسم ہے اور بینکاری نظام کے تحت اسکی کوئی ٹھوس یا تسلیم شدہ حیثیت نہیں ہے ، اس بات کا اعلان وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے ڈائیریکٹ سیلنگ کے اجلاس سے کمیٹی کے چیئرمین شیخ راشد عالم نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈائیریکٹ سیلنگ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس فیڈریشن ہاؤ س کراچی میں منعقد ہوا ، اجلاس میں ڈائیریکٹ سیلنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر انیس احمد مرچنٹ ، سیکریٹری جنرل ظریف احمد ، لیاقت علی ماگرے،وقاص سہیل ، ڈاکٹر جمال نادر خان اور آٹھ سے زائد ڈائیریکٹ سیلنگ کمپنیوں کے سربراہان اور نیٹ ورک مارکیٹینگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شیخ راشد عالم نے شرکاء کو بتایا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ بزنس کے نام پہ کچھ غیر ملکی ادارے نہ صرف کرپٹو کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں بھرپور سرگرم عمل ہیں بلکہ وہ ناقابل یقین منافع حاصل کرنے کا لالچ اور جھانسہ دے کر اس کاروبارمیں سرمایہ کاری کرنے کیلئے سادہ لوح لوگوں کو آمادہ کر رہے ہیں ۔

انھوں نے ڈائیریکٹ سیلنگ بزنس سے وابستہ نیٹ ورکرز اور صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کرپٹو کرنسی کے خریدوفروخت اور اس میں سرمایہ کاری سے اجتناب کریں کیونکہ یہ تجارتی نظام زمینی حقائق کے منافی اور غیر قانونی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کرپٹو کرنسی میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور نادرن ایریاز میں یہ کمپنیاں زیادہ متحرک ہیں ، انھوں نے حکومت پاکستان کے متعلقہ اداروں اور بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور اس سنگین مسئلے کی جانب توجہ دیں اور اس ضمن میں ضروری کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر اس شعبے میں بڑے پیمانے پہ دھوکہ دہی ہونے کا خدشہ موجود ہے ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر انیس احمد مرچنٹ نے کہا کہ ہم قائمہ کمیٹی کے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہیں اور ورلڈ فیڈریشن آف ڈائیریکٹ سیلنگ کے وضع کردہ قوانین کے مطابق یہ ہمارا اصولی فیصلہ ہے کہ ایسوسی ایشن کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والی کسی بھی کمپنی کورکنیت نہیں دے گی۔

دریں اثنا ڈاکٹر جمال نادر خان نے قائمہ کمیٹی کی کارکردگی اور ملک میں ڈائیریکٹ سیلنگ قوانین کی تیاری اور اسکے حوالے پیش رفت پہ شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اورمزید بتایا کہ آئندہ ماہ حکومتی اداروں کے تعاون سے ملک میں پہلے نیشنل ڈائیریکٹ سیلنگ کنونشن کا انعقاد کیا جارہاہے ۔

تازہ ترین