• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ( ن ) کی ریلی کے دوسرے مرحلے پر جمعرات کوپنجاب ہاؤس راولپنڈی سے روانہ ہوگئے

Todays Print

راولپنڈی(ایجنسیاں)پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف مسلم لیگ ( ن ) کی ریلی کے دوسرے مرحلے پر جمعرات کوپنجاب ہاؤس راولپنڈی سے روانہ ہوگئے‘ن لیگ نے ریلی کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی جس کے بعد ن لیگ کا قافلہ طوفانی رفتارسے جہلم پہنچ گیا ، گوجر خان، سوہاوا، دینہ اور جہلم پہنچنے پر نواز شریف کا شاندار استقبال ‘لویونوازشریف کے نعرے ‘ پھولوں کی پتیاں نچھاور‘ ڈھول کی تھاپ پر کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے ،لیگی کارکنوں کا جوش وخروش عروج پر ہے‘ نواز شر یف مشن جی ٹی روڈ کے مرحلہ میں جہلم کے مقام پر پڑائو ڈال دیاہے اوروہاں ہوٹل میں قیام کیاہے‘‘سا بق وزیر اعظم کا قافلہ آج صبح 10بجے لاہورکی طرف روانہ ہوگا۔

پنجاب ہاؤس سے روانگی پر کارکنان نے میاں نواز شریف پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کارکنان کی بڑی تعداد سابق وزیراعظم کے قافلے کے ساتھ موجود رہی۔ قافلے کی انتہائی سست رفتاری سے چلنے کی وجہ سے پارٹی قیادت نے حکمت عملی تبدیل کردی تھی اور روات کے بعد میاں نوازشریف کی گاڑی تیز رفتاری سے جہلم کی طرف نکل گئی۔

پنجاب ہاؤس راولپنڈی سے لاہورروانگی کے دوران ن لیگ کے رہنماؤں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی جن میں طارق فضل چوہدری، دانیال عزیز، راجہ فاروق حیدر،عابد شیر علی‘طلال چوہدری،حنیف عباسی‘پی ایم ایل این کی مقامی قیادت اور سینکڑوں کارکن سابق وزیر اعظم کے قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے‘ریلی کے دوران راولپنڈی کچہری چوک پر، پر جوش نعروں اور رقص سے کارکنوں نے جذبات کا اظہار کیا، نواز شریف نے ہاتھ ہلا ہلا کر کارکنوں کی محبت کا جواب دیا۔عابد شیر علی،دانیال تنویر ملک ابرار، طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری اپنی گاڑیوں کی چھتوں پر چڑھ کر کارکنوں کا جذبہ بڑھاتے رہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ریلی کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی گاڑی میاں نوازشریف کے قافلے کے ساتھ رہی جس میں اسپیکرز اور ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا ہے‘ریلی کیلئے راولپنڈی پنجاب ہاؤس،مریڑ چوک اور کچہری چوک کے گردونواح میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کمانڈوز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار میاں محمد نواز شریف کی گاڑی کے اطراف تعینات کیے گئے تھے اور کارکنان کو گاڑی کے قریب آنے سے روکا جارہاتھا‘جی ٹی روڈ کے راستے میں آنے والے شہروں اور قصبات میں سابق وزیرا عظم کے استقبال کے لئے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے‘ جہاں پارٹی کارکنانوں نے پرجوش انداز میں اپنے قائد کا استقبال کیا، بھنگڑے ڈالے گئے، جگہ جگہ استقبالیہ بینرز اور پوسٹرز آویزاں کئے گئے۔ بتایاگیاکہ نواز شریف لالہ موسیٰ، گجرات، وزیر آباد، گکھڑ منڈی میں مختصر خطاب کرتے ہوئے گوجرانوالہ پہنچیں گے اور وہاں رات قیام کریں گے۔

تازہ ترین