کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 15ہوگئی ہے ،دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا ہے کہ دھماکا شدید نوعیت کا تھا،ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ہدف سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی تھی تاہم عام شہری بھی اس کا نشانہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا شدید تھا اوراس کے متعلق فی الوقت کوئی حتمی بات نہیں بتائی جا سکتی، تاہم ریسکیو کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو قریب واقع طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے، انہوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور تک سنی گئی ،دھماکے کے بعد قریب کھڑی گاڑیوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ، قریب واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئےاور وہاں افراتفری پھیل گئی۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور عام افراد کو دھماکے کی جگہ کے قریب جانے سے روک دیا۔
دھماکے کے نتیجہ میں4 رکشہ،2 گاڑیوں اور دو موٹر سائیکلیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں اور بری طرح متاثر ہوئیں۔
دھماکے کی نوعیت سمیت مختلف پہلوئوں پر تحقیقات جا ری ہے۔