صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف،وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
شاہد خاقان عباسی نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں بے گناہ معصوم عوام کی جانوں کے نقصان پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کی کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارےجوان دہشت گردی کا ڈٹ کرمقابلہ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کواپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، شہداءکی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد اپنےمذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارےعزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔