• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر :ریسٹ ہاؤسز، ہوٹلز کی تلاشی ،اسنیپ چیکنگ 15مشتبہ افراد گرفتار

سکھر (بیورو رپورٹ) شہباز رینجرز اور پولیس کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکھر و گرد و نواح کے علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا، اس دوران 15سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی۔ آپریشن کے دوران شہباز رینجرز او رپولیس کے جوانوں نے ریسٹ ہاؤسز، مسافر خانوں، بس اڈوں اور ہوٹلز سمیت ایسے مقامات جہاں پر بیرون شہر سے آکر لوگ ٹھہرتے ہیں وہاں کی تلاشی لی اور وہاں رہائش پذیر افراد سے ان کے کوائف چیک کئے جبکہ شہباز رینجرز اور پولیس کی جانب سے شہر کی مختلف شاہراہوں، چوراہوں اور علاقوں میں اسنیپ چیکنگ بھی کی جارہی ہے، کاروں، موٹر سائیکلوں و دیگر گاڑیوں کو روک کر مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی بھی لی جارہی ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کے اضافی دستے بھی تعینات کردیے گئے ہیں جو کہ شہر میں آنے و جانیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کررہے ہیں۔ ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے سکھر، گھوٹکی اور خیرپور تینوں اضلاع کے پولیس افسران کو ہدایات دی ہیں کہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں، مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ بھی کی جائے اور تمام تھانہ انچارجز اپنے تھانوں کی حدود میں پولیس کے گشت میں اضافہ کریں، فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، قیام امن کو بحال رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

تازہ ترین