• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی تحریک یوتھ ونگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کی تحفظ پاکستان یوتھ ریلی

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کے زیراہتمام تحفظ پاکستان یوتھ ریلی نکالی گئی جس کی قیادت یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور ایم ایس ایم کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری ضلج انقلابی نے کی ۔ریلی چاندنی چوک سے شروع ہوکر لیاقت باغ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ۔مظہر محمود علوی نے کہاکہ اپنے اقتدار کے تحفظ کیلئے ملکی آئین تک بدل دینے والے نوجوانوں کوباوقار مستقبل نہیں دے سکتے ،حکمران خاندان کا احتساب ہوا کا تازہ جھونکا اورملک سے ہر استحصال کا خاتمہ ڈاکٹر طاہر القادری کا خواب ہے ، روایتی مذہبی ہیں نہ سیاسی انقلاب ہماری منزل ہے ،آج کے دن عوامی تحریک یوتھ ونگ کے تمام نوجوان یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ قائد اعظم کے پاکستان کو بدعنوان عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔ چوہدری ضلج انقلابی نے کہاکہ قیام پاکستان کا مقصد ریاست مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا،مگر بدعنوان مقتدر طبقات نے طلبہ سے ان کے تمام خواب چھین لئے ہیں،زیور تعلیم سے آراستہ ،وطن کی خدمت اور محبت کے جذبے سے سرشارہونے کے باوجود اپنے محفوظ مستقبل کیلئے وہ دیار غیر جانے پر مجبور ہیں،میرٹ اور احتساب کو نظام کی شکل دینا ہوگی ورنہ پاکستان زرخیز دماغوں سے محروم ہو سکتا ہے۔ریلی سے یوتھ اور موومنٹ کے ضلعی صدوروسیم خٹک اورچوہدری افضل نے بھی خطاب کیا ۔
تازہ ترین