• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات کامیاب،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

لاہور (نمائندہ جنگ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد 15روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ،تمام ہڑتالی ڈاکٹرز اپنی اپنی ڈیوٹی پر واپس آگئے ہیں جس کے بعد ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور اور ان ڈور میں علاج معالجہ کے امور معمول پر آگئے ہیں ۔ہڑتال کے خاتمے کا اعلان وائی ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر معروف وینس نے منگل کے روز اپنے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ سروسز ہسپتال لاہور میں پریس کانفرنس  میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں اس لیے لاہور سمیت پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ان ڈور اور آوٹ ڈور میں کام شروع کر دیاہے۔حکومت کے ساتھ طے ہوا ہے کہ ہر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں برن یونٹ، سی سی یو اور آئی سی یو بنیں گے۔ہسپتالوں میں ون بیڈ ون پیشنٹ کی پالیسی بنانے کےلئے  ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی جوجلد اس حوالے سے اپنی شفارشات مرتب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سنٹرل انڈکشن پالیسی کے تحت داخلے کے تمام تر اختیارات لوکل اکیڈمک کونسل کو دے دیئے ہیں جن کی سفارشات کے بعد انڈکشن پالیسی میں ترمیم ہوں گی۔حکومت سنڑل انڈکشن پالیسی کے تحت سال میں دو دفعہ داخلہ اور 10 فیصد سالانہ اس میں اضافہ کرے گی۔ڈاکٹر معروف وینس نے کہا کہ ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کے خلاف پیڈا  ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین