کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ سکھر کی یوسی 9نواں گوٹھ میں 17اگست کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی بجائے رینجرز کی نگرانی میں کرائے جائیں تاکہ مخالف پارٹی کو اپنے اختیارات اور وسائل کے ناجائز استعمال کا موقع نہ مل سکے،ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سکھر کی یوسی 9میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن پریزائڈنگ افسر کے فارم 11کے مطابق ایم کیوایم کے امیدوار جیت رہے تھے لیکن مخالف جماعت نے الیکشن کمیشن میں جاکر یہ فیصلہ لے لیا کہ دونوں پولنگ اسٹیشنوں میں ری پولنگ کی جائے جبکہ آر او اور ڈی آر او نے یہ بھی لکھ کر دیا ہے کہ یہ دونوں حساس پولنگ اسٹیشن ہیں لہٰذا یہاں ابھی پولنگ نہ کرائی جائے،رابطہ کمیٹی نے کہا کہ مخالف جماعت اپنے وسائل اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر الیکشن کو ملتوی کرانا چاہتی ہے تاکہ اسے پری پول رگنگ کا موقع مل سکے رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یوسی 9سکھر کے کو ملتوی کرنا ایم کیوایم کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہوگی۔