• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باسٹھ ترسٹھ کو آئین سے نکالناہے، تو جیلوں کے دروازے کھول دیں،سراج الحق

لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر باسٹھ ٹریسٹھ کو آئین سے نکالناہے تو پھر جیلوں کے دروازے کھول دیں اور چوروں لٹیروں کو رہا کردیں تاکہ یہ سارے  حکومت کر سکیں ۔ پارلیمنٹ میں کرپشن کوتحفظ دینے کے لیے نہیں ، کرپشن اور کرپٹ سسٹم ختم کرنے  کیلئے ڈائیلاگ ہونے چاہئیں۔ آئین کو فرد واحد کے مفادات  کیلئے تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ  آئین توڑنے کی باتیں کرنے والے قومی وحدت کو پارہ پارہ کر نے پر تلے ہوئے ہیں اس سے انتشار پھیلنے کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں آئے گا ۔ نوازشریف نے نااہلی کے بعد بھی درست راستہ اختیار نہیں کیا ۔ وہ غرور اور تکبر کے گھوڑے پرسوار ہو گئے ہیں ۔ ۔سراج الحق نے کہاکہ  نوازشریف کرپٹ سسٹم کا سب سے موثر حصہ تھا ان کو سزا ملنے سے امید ہے کہ کرپشن میں کچھ کمی آئے گی اور چھوٹے چور اب بے خوف ہو کر قوم کا پیسہ نہیں لوٹ سکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں اداروں کی مداخلت کا رونا رونے والوں نے ملک میں حقیقی جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں دیا اور جمہوریت کے نام پر خاندانی بادشاہتیں مسلط رکھیں ۔  جب بھی کوئی جرنیل آیا ، ان کو ویلکم اور سپورٹ کرنے والے سیاستدان ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کسی ایک فرد یا چند افراد کے احتساب کی بات نہیں کرتی ، ہم پہلے دن سے سب کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین