• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20 چیمپئن شپ ملتوی، ملتان سے میزبانی چھن گئی

 لاہور/ ملتان ( نمائندگان جنگ) شیڈول ، سیکورٹی اور دیگر مسائل کا سامنا کرنے والا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ آخر کار ملتوی کردیا گیا۔ جبکہ ملتان سے اس کی میزبانی بھی واپس لے لی گئی ہے۔ اس پیشرفت سے غیرملکی لیگز اور کائونٹی کرکٹ میں مصروف قومی کرکٹرز خوش نہیں۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ عیدالاضحیٰ کے باعث دو مرحلوں میں کھیلا جانا تھا۔ پہلا مرحلہ25اگست سے31 اگست تک ملتان ، دوسرا مرحلہ 4سے10 ستمبر تک فیصل آباد میں ہونا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اب ایونٹ کو ملتوی کردیا ہے۔

ممکنہ طور پر یہ عید کے بعد فیصل آباد میں کرایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد اور میچز کے شیڈول میں ردوبدل کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو ملتوی کیا گیا ہے ۔17ستمبرکو لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ 120پر ضمنی انتخاب کے باعث ورلڈ الیون کے میچز ستمبر کے آغاز میں کرائے جائیں گے جس کا ٹکرائو ورلڈ الیون کے میچز سے ہو رہا تھا۔

جس کے باعث ایونٹ کا پہلا مرحلہ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ ممکنہ طور قومی ٹی ٹوئنٹی 4 سے20 ستمبر تک کرانے کا شیڈول زیرغور تھا لیکن ٹورنامنٹ کا آغاز اب ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے بعد ہوگا۔ دریں اثنا ملتان سے نمائندہ جنگ کےمطابق ملتان کی انتظامیہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی ٹی20کپ کے لیے سیکورٹی کلیئرنس نہیں دے سکی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اگلے ہفتے کے دوران ملتان میں جلسہ  ہونے کی صورت میں قومی ٹی 20کپ  کے 25اگست سے ملتان میں کرانا سکیورٹی کے لحاظ سے مشکل ہو جائے گا ۔ ملتان میں قومی ٹی20کپ کیلئے سکیورٹی کا معاملہ پی سی بی اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس میں 17اگست کو ہونا تھا ، تاہم یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث  عین وقت پر ملتوی کردیا گیا اور سکیورٹی کامعاملہ لٹک گیا ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے قومی ٹوئنٹی کیلیے بیرون ملک ٹورنامنٹس میں مصروف قومی کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ کیلیے پاکستان طلب کیا تھا، ان میں چند پلیئرز وطن لوٹ بھی چکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں سے ان کی ٹیموں نے کہا کہ وہ دوبارہ آجائیں۔

تازہ ترین