عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایاز صادق نوازشریف کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی ہیں،ججوں کی کردار کشی کی مہم شروع کرکے نوازشریف نے آئین اور قانون کے خلاف کھلی بغاوت کردی ،ان کے ہاتھوں سسٹم خطرے میں دکھائی دے رہا ہے،حدیبیہ پیپرمل کیس سےان کی جان جاتی ہے ۔
جیونیوز سے بات چیت میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کو جاتی عمرہ بلا کر یہ فیصلہ کیا گیا، نوازشریف ہمیشہ قربانی کے بکروں کا سہارا لیتے ہیں اور ان کے پاس ایسے کئی بکرے موجود ہیں،نوازشریف نے ان ججز کے فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا جن کا فیصلہ انہوں نے ماننے کا کہا تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ انہوں نے کسی قیمت پر بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہونا، سپریم کورٹ کے جج کے خلاف ریفرنس نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جے آئی ٹی کے خلاف کوئی ریفرنس یا اپیل فائل نہیں کی، جے آئی ٹی میں پیش ہوئے لیکن اب نوازشریف ایک نفسیاتی مسئلے میں پڑ گئے ہیں اور یہ لڑائی نوازشریف کی ہی ہدایت پر شروع کی گئی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے، انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، سسٹم کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ جسٹس کھوسہ مستقبل کے چیف جسٹس ہیں۔
شیخ رشید نے نیب میں حدیبیہ پیپر ملز کے بارے میں نوٹس بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپرمل کیس سےان کی جان جاتی ہے۔