اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے نوازشریف کو عدالتوں میں پیش ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے۔
جیونیوز سے گفتگو میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ نیب طلبی کے باوجود نوازشریف اور ان کے اہل خانہ پیش نہیں ہورہے، اگر عدم پیشی کا سلسلہ جاری رہا تو نیب گرفتاری کے وارنٹ جاری کرے گا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عدالت کے پاس آرٹیکل 190 کے نفاذ کا بھی اختیار ہے، اگر اس آرٹیکل کا اطلاق ہوا تو بہت خطرناک ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر نے نوازشریف کو عدالتوں میں پیش ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ عدالتوں کے سامنے پیش ہوتی رہی جب کہ نوازشریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، عدالت فوج کو شریف خاندان کی گرفتاری کا حکم دے سکتی ہے۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے حکومت کیوں اداروں کے ساتھ لڑائی چاہتی ہے، ڈان لیکس اور ماڈل ٹاؤن سانحےکی رپورٹ دونوں سامنے آنی چاہئیں۔