حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر کی گرفتاری کے احکامات کے خلاف سندھ بار کونسل کی ہدایت پر سیشن و سول کورٹس میں مکمل بائیکاٹ کیا گیا جبکہ سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں عدالتی کارروائی معمول کے مطابق جاری رہی تاہم ہائی کورٹ بار کے عہدیداروں کے مطابق بڑی تعداد میں وکلا پیش نہیں ہوئے۔
ڈسٹرکٹ بار میں جنرل باڈی اجلاس کے بعد حیدرآباد پریس کلب تک وکلا نے ریلی نکالی اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے معاملے پر سوموٹو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی کے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کے اجراءکے خلاف پنجاب کے وکلا سے اظہار یکجہتی کے لئے سیشن کورٹ میں وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کردیا۔