• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں 2افراد کی دیوار کود کر الطاف حسین کے گھر میں گھسنے کی کوشش

لندن (رپورٹ:ودود مشتاق / مرتضیٰ علی شاہ) متحدہ قومی موومنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ 2افراد نےجن میں سے ایک ایشیائی اور ایک افریقی معلوم ہوتا تھا الطاف حسین کو جسمانی طور پر گزند پہنچانے کیلئے بدھ کو صبح سویرے نارتھ لندن میں واقع الطاف حسین کے پڑوسی کے گھر سے دیوار کود کر الطاف حسین کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پڑوسی کی آنکھ کھل جانے کی وجہ سے وہ دونوں ایک سفید کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے، کولن ڈیل نے تصدیق کی ہے کہ انھیں الطاف حسین کے گھر سے ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس پر ایک پولیس یونٹ نے وہاں پہنچ کر واقعات کے حوالے سے شواہد جمع کئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تفتیش کر رہی ہے لیکن ابھی تک نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی پر شبہہ ظاہر کیا گیا ہے، رابطہ کرنے پر مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا کہ ملزمان الطاف حسین کے پڑوسی کے گھر کے سامنے والے گارڈن میں داخل ہوگئے تھے جہاں سے وہ دیوار کود کر الطاف حسین کے گھر میں داخل ہوناچاہتے تھے لیکن پڑوسیوں کی آنکھ کھل جانے کے سبب وہ فرار ہوگئے۔

انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ الطاف حسین کی سیکورٹی ٹیم نے ملزمان کا تعاقب نہیںکیا ۔خیال کیاجاتاہے کہ نارتھ لندن میں الطاف حسین کے گھر میںچوبیس گھنٹے سیکورٹی رہتی ہے اس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو سڑک کے دوسری جانب تک کو کور کرتے ہیں ، 2باڈی گارڈ اورایم کیوایم کے کم از کم 2ارکان اور الطاف حسین کاکھانا پکانے اور صفائی کرنے والا عملہ ہر وقت الطاف حسین کے ساتھ رہتاہے۔

ندیم نصرت نے الزام عاید کیا ہے کہ پاکستانی حکام الطاف حسین کے خیالات کو پسند نہیں کرتے اس لئے وہ انھیں ٹھکانے لگانا چاہتے ہیں،چند روز قبل ایم کیو ایم لندن نے دعویٰ کیاتھا کہ دو افراد کو الطاف حسین کے مکان کی ویڈیو بناتے دیکھا گیاتھا ،ندیم نصرت، عادل غفار ایڈووکیٹ اورمصطفیٰ عزیز آبادی نے کہاتھا کہ ان لوگوں کی شناخت کیلئےویڈیو فوٹیج بنانے والوں کی فوٹیج پولیس کے حوالے کردی گئی تھی لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

تازہ ترین