جنیوا (پ ر) مری قبیلے کے سربراہ نواب مہران مری نے نواب اکبر خان بگٹی کے یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواب بگٹی ایک قابل احترام، تجربہ کار، سیاسی و قومی رہنما تھے۔ انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ انہیں بلوچ قوم کے حقوق عزیز تھے جن کے حصول کے لیے انہوں نے اپنی جان کی پروا بھی نہیں کی۔
انہوں نے اپنی جدوجہد کی خاطر بڑھاپے میں تمام سہولتوں اور آسائشوں کو خیرباد کہہ کر پہاڑوں کا رخ کیا۔ اور جس طرح ان کی موت واقع ہوئی وہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواب بگٹی کی جدوجہد اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے جو انہیں ملنا چاہیے۔