اسلام آباد(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غاروں میں پناہ لینے والے دہشت گرد ہیں تو ایوانوں میں بھی دہشت گرد موجود ہیں،عافیہ صدیقی، ایمل کانسی اور یوسف رمزی کو ڈالرز کیلئے بیچ دیا گیا،پاکستان چند صوبوں کے مجموعے کا نام نہیں ایک جہد مسلسل کا نام ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے صرف ایک قیادت اور امامت کی ضرورت ہے۔ہماری حکومت آئی تو تعلیم کو مفت اور لازمی کریں گے۔ بچے کو اسکول نہ بھیجنے والے والدین کو جیل میں ڈالیں گے۔ اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی کرپشن اخلاقی کرپشن ہے، اسکو ختم کرنے کے لئے ہر ایک کو اپنی اپنی جگہ کرادار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاروں میں پناہ لینے والے دہشت گرد ہیں تو ایوانوں میں بھی دہشت گرد موجود ہیں۔