اسلام آباد ( رپورٹ :رانا مسعود حسین ) عوامی مسلم لیگ کے چیئرمین شیخ رشید احمد نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہ کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں نئی متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے اس حوالے سے نیب کی جانب سے کروائی گئی یقین دہانی پرعمل کروانے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور این آر او پر کام ہو رہا ہے، نیب شریف خاند ان سے رعایت برت رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سپریم کورٹ کے پانامہ عملدرآمد بنچ کے نام دائر کی گئی درخواست میں شیخ رشید نے وفاق پاکستان وغیرہ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر نے 21 جولائی کو پانامہ پیپرز لیکس کیس کی سماعت کے دوران عدالت کوحدیبیہ پیپرز مل کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ا یک ہفتے کے اندر اندراپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی اور عدالت نے نیب کی اس یقین دہانی کو اپنے فیصلے میں بھی تحریر کیا تھا، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے عدالتی حکم کے اجراء کے 7 روز گزرنے کے بعد چیئرمین نیب کو عدالتی یقین دہانی پر عملدرآمد سے متعلق نوٹس بھی بھجوایا ہے لیکن انہوں نے آج تک نوٹس کا جواب ہی نہیں دیا ہے جبکہ میڈیا میں شائع ہونے والی رپوٹوں کے مطابق اس سلسلے میں نیب نے اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔