سکھر (بیورو رپورٹ)سکھر کی گنجان آبادی والے علاقے اور گھنٹہ گھر سے متصل مینارہ روڈ چاڑی پر گزشتہ شب برتنوں سے بھرا ہوا ٹرک بریک فیل ہوجانے کے باعث گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول کی دیوار کو توڑتا ہوا اسکول کے صحن میں الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا، مال بردار ٹرک کے اسکول کے صحن میں الٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول جوکہ پرانی بنی ہوئی عمارت ہے اس میں برتنوں سے بھرے ہوئے ٹرک کے دیوار توڑکر صحن میں الٹنے سے نہ صرف دیواروں بلکہ عمارت کے اندرونی حصے کو بھی بہت زیادہ نقصان ہوا، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کافی دیر تک حادثے سے لا علم رہے خاص طور پر ضلعی انتظامیہ سے حادثے کے حوالے سے تو کئی گھنٹوں تک کوئی رابطہ نہ ہو سکا اور نہ ہی کوئی موقف سامنے آیا ہے جبکہ تھانہ بی سیکشن جوکہ حادثے سے چند گز کے فاصلے پر ہے لیکن حیرت انگیز طور پر بی سیکشن پولیس بھی حادثے کے بعد تاخیر سے پہنچی۔