• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑ سکتا تو دفاتر بند کر دے، سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر نیب کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑ سکتا تو دفاتر بند کر دے تاکہ قوم مزید کسی دھوکے میں نہ رہے ۔ کرپشن کے فروغ میں نیب کا بنیادی کردار ہے ۔ اربوں کھربوں لوٹنے والوں سے کروڑ لے کر انہیں آزاد کر دینے کا اختیار نیب کو کس نے دیا ہے ۔ نیب کے چیئرمین کا تقرر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی کمیٹی کرے ۔فرانسیسی صدر کی طرح اسلامی دنیا بھی دہشتگردی کے خلاف ہے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ نیب کے پاس کرپشن کے سینکڑوں میگا سکینڈلزہیں جن میں ملک و قوم کے اربوں ڈالر لوٹنے والے مجرموں کے متعلق تمام تر ثبوت موجود ہیں مگر وہ آزاد پھر رہے ہیں ۔ سپریم کورٹ کے حکم پر نااہل وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر ہوا مگر تین طلبیوں کے بعد بھی نوازشریف یا ان کے خاندان کے کسی فرد نے نیب کے سامنے پیش ہونے کی زحمت گوارا نہیں کی جس سے واضح ہوگیاہے کہ مجرموں کو اللہ کا خوف ہے نہ نیب کا ۔سراج الحق نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے عدالتوں کو مقدمات کو جلد نپٹانا اور عوام کو انصاف مہیا کرناہوگا ۔ عدل و انصاف کے بغیر ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فرانسیسی صدر کی طرف سے دہشتگردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا نسلی تعصب کو بدترین مثال ہے ۔ اسلام عالمی امن اور بھائی چارے کا علمبردار ہے اور پوری دنیا کو اللہ کا کنبہ قرار دیتاہے ۔ 
تازہ ترین