کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کے بچوں نے اپنی والدہ کے قتل کیس کا فیصلہ ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیرمین سینیٹ نیئر بخاری نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ فیصلہ چیلنج کریں گے۔
عدالتی فیصلے پر بلاول، آصفہ اور بختاور بھٹو زرداری نے اپنے رد عمل کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے، دہشت گردوں کی رہائی صرف ناانصافی ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہے۔
بلاول نے فیصلے پر قانون آپشن پر غور کرنے کا بھی کہا۔ آصفہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے سہولت کاروں کو سزا دی گئی مگر جو اصل مجرم پایا گیا وہ آزاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مشرف اپنے جرم کا حساب نہیں دیتے انصاف نہیں ہوگا، ہم 10 سال بعد بھی انصاف کا انتظار کریں۔ بختاور بھٹو زرداری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مشرف نے جائے وقوعہ کو دھونے کا حکم دیا۔بختاور نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ہیش ٹیگ میں پرویز مشرف کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔