لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ نواز شریف کا اصل کاروباری وطن لندن ہے، پاکستان ان کے اقتدار اور لوٹ مار کا ہیڈکواٹر ہے، شریف خاندان کو انجام تک نہ پہنچانے پر پاکستان کو نقصان ہوسکتا ہے ، باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہوتے ہیں شہباز شریف سمیت ملوث وزرأ بے نقاب ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری لندن سے لاہور پہنچنے پر ایئر پورٹ پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کا جلد مواخذہ نہ کیا گیا تو یہ بیرونی طاقتوں سے مل کر پاکستان کے حالات خراب کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب بھی کک آؤٹ ہو گا، اصل تحقیقات کا آغاز اقتدار سے بے دخلی پر ہو گا۔ احتساب عدالت نیب آرڈیننس سیکشن 16 کے تحت ایک ماہ کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہے۔ سپریم کورٹ نے 6 ماہ کی مدت دے کر نرمی برتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونے کی دیر ہے شہباز شریف سمیت ملوث تمام وزراء بے نقاب ہوں جائیں گے، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کیلئے پنجاب حکومت کو 12ستمبر کا نوٹس دیا ہے ۔ طاہر القادری کاکہناتھاکہ نااہلیت کے پیچھے صرف اقامہ کا مسئلہ نہیں ہے سارے ریفرنس کرپشن کے ہیں۔ اس موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، راجہ زاہد، امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید و دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے طاہر القادری کے استقبال کیلئے موجود تھی ۔