لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نیب معاشی دہشتگردوں کو پکڑنے کی بجائے ان کا سہولت کار بنارہاہے ۔ جب تک احتساب عدالتیں اپنا فرض پورا نہیں کرتیں لوٹ کھسوٹ کا یہ نظام مسلط رہے گا۔11 ستمبر کے احتساب مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منصورہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مارچ میں لاہور سے راولپنڈی تک ہزاروں لوگ شریک ہوں گے۔ ہم کرپشن میں ملوث بااثر افراد کو پکڑنے اور قومی دولت واپس لینے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پلی بارگیننگ کے نام پر اربوں روپے لوٹنے والوں سے چند کروڑ لے کر انہیں سات خون معاف کردیے جاتے ہیں جس کا انہیں اختیار ہی نہیں ۔قبل ازیں احتساب مارچ کی تنظیمی کمیٹیوں کے ذمہ داران نے مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کی ۔ احتساب مارچ 11 ستمبر کو صبح 10 بجے داتا دربار لاہور سے شروع ہوگا اور شام تک راولپنڈی پہنچ جائے گا راستے میں جگہ جگہ سراج الحق اور ان کے قافلے کے شرکاءکا فقید المثال استقبال کیا جائے گا ۔ سینیٹر سراج الحق احتساب مارچ کے راستے کے بڑے شہروں گوجرانوالہ ، گجرات ، کھاریاں ، وزیر آباد ، لالہ موسیٰ ، جہلم ، گوجر خان میں استقبالی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔اجلاس میں سینیٹر سراج الحق نے کراچی اور سندھ میں شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ انھوں نے طوفانی بارش سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور متاثرہ خاندانوںسے گہری ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیاہے ۔