• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کی خوشیوں میں اپنے غریب ہم وطنوں کو نہیں بھولنا چاہیے،زرداری ،سراج الحق و دیگر کی مبارکباد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،وقائع نگار)اپوزیشن رہنمائوں نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں اپنے غریب ہم وطنوں کو نہیں بھولنا چاہئے،سابق صدرِ اورپی پی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نےدنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم عہد کریں کہ اپنی زندگیاں اعلیٰ نصب العین کیلئے بسر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ان لوگوں کو یاد رکھیں جنھوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور ہم ان کی وجہ سے آج عید کی خوشیاں منا رہے ہیں۔آج کے روز ہمیں غریب اور مفلوک الحال لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قوم کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں محروم اور پسماندہ طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بیرون ِ ملک مقیم پاکستانی بھائیوں کو بھی عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ عیدالاضحی ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے ۔ سابق چیئرمین سینیٹ سیدنیئر حسین بخاری نے تمام اہل وطن کو عید الااضحی اور حجاج اکرام کو حج کی سعادت پر مبارکباد ی ، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ہمیں اپنے ایمان اور ملک و ملت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہاکہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ کلمہ طیبہ کے آفاقی نظریہ پر بننے والی اس مملکت خدا داد میں 70سال سے ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوسکا ،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم تحریک پاکستان کے جذبہ سے دوبارہ اٹھے اور اقتدار پر قابض بددیانت اور کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کر کے ۔سابق صدر پرویز مشرف اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے عیدالاضحی پرپیغام میں کہاکہ قربانی کے فلسفہ کو سمجھ کر اس کی روح پر عمل کرنے سے ایک عظیم معاشرہ قائم کیاجاسکتا ہے۔

تازہ ترین