قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے برما کے مسلمانوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری نے برما اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔
ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ او آئی سی اور تمام بااثر اسلامی ممالک کو اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امن، محبت اور انسان دوستی کا درس دینے والے مہاتما بدھ کے پیروکاروں نے برما میں اپنے انسان دشمن عمل سے پوری انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا اور پیپلز پارٹی اس مسئلے کے حل کیلئے عالمی اداروں کا ضمیر جگانے کیلئے بھی عملی اقدامات کرے گی۔