• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو معاشی دہشتگردوں نےزیادہ نقصان پہنچایا ،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدالاضحی ٰکے بڑے اجتماع سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہواہے ۔ 70 سال سے اقتدار پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کر دیاہے ۔ ملک کو غاروں میں بیٹھے ہوئے دہشتگردوں سے زیادہ نقصان اقتدار کے ایوانوں میں موجود معاشی دہشتگردوں نے پہنچایا ہے ۔ موجودہ دور میں اسٹیٹس کو کی قوتیں اور باطل نظام ہی فرعون ، نمرود اور ابو جہل ہیں ۔ ان بتوں کو توڑنا عین سنت ابراہیمی ؑ ہے ۔

طاغوتی قوتیں انسانوں کا استحصال کر رہی ہیں ۔ انسانوں کو خالق کی بجائے اپنی ذات کی طرف بلانے والا لیڈر نہیں ، بہروپیا ہوتاہے جو انسانوں کو گمراہی کے رستے پر چلاتاہے ۔ اسٹیٹس کو اور موروثی سیاستدانوں سے بغاوت کرنا ضروری ہے تاکہ ملک میں جمہوریت مستحکم بنیادوں پر کھڑی ہو سکے ۔    سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وقت کے فرعون ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے امریکہ کا ساتھ نہ دیا تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر ٹرمپ نے اپنا رویہ نہ بدلا اور پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز نہ آیا تو امریکہ کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔  انہوں نے کہاکہ کشمیر ، فلسطین اور برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔برما میں چند دنوں میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیاہے اور لاکھوں برمی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے مگر امریکہ سمیت تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں  ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کا 11 ستمبر کو لاہور سے راولپنڈی تک احتساب مارچ ،کرپشن فری پاکستان تحریک کی کامیابی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور 6ستمبر کو ملک بھر میں جے آئی یوتھ کے لاکھوں نوجوان پاکستان کے تحفظ کا عہد کریں گے ۔

تازہ ترین