• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں اور قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے، شیخ رشید

ریڈنگ( ودودمشتاق/ لائق علی خان) تمام اسلامی ملکوں کو میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر احتجاج کرنے کے لئے اٹھ کھڑے ہونا چاہئے، اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل میانمار میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کے لئے حکومت میانمار پر دبائو ڈالے، اقوام متحدہ وہاں کے مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ٹھوس مثبت واقدامات کرے، او آئی سی کی خاموشی امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے، ان خیالات کااظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ریڈنگ میں راجہ وسیم کیانی کی طرف سے دیئے گئے دعوت استقبالیہ میں کیا۔

پروگرام میں برطانیہ میں تنظیم کے سربراہ شیخ سلیم، جاوید شیخ، حاجی منیر، ساجد محمود، کونسلر چوہدری منیر، آغا خان، شیخ اکرم عزیز، راجہ تیمور محمد اوپی ، ڈاکٹر اعجاز ، ڈاکٹر افتخار، عامر، خواجہ محمد شبیر و دیگر مہمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، استقبالیہ سے خطاب میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مقررین اور پارٹی کے اراکین سے پاکستان کی سیاسی ، دفاعی ، اقتصادی، اندرونی دہشت گردی میں بھارت کے کردار، پاناما کا عدالتی فیصلہ شریف خاندان کا زوال اور ان کی کرپشن، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی، برکس کانفرنس دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کا دفاع انتہائی محفوط ہاتھوں میں ہے، پوری قوم افواج پاکستان کےساتھ کھڑی ہے، نوازشریف کے فوج کے ساتھ مراسم کبھی اچھے نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ماشا اللہ دفاعی لحاظ سے افواج پاکستان کو بھارت کی افواج پر بالادستی حاصل ہے۔ افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے غیر ملکی دہشت گردی کے باوجود اپنے ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔ ابھی کچھ اثرات باقی ہیں۔

ان کا بھی جلد خاتمہ ہوجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور قومی وقار پارلیمنٹ اور جمہوریت سے وابستہ ہے، انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور حکومت کے دوران پاکستان کو 40 ملین ڈالر کا قرضہ دیا ہے۔ پوری قوم مقروض ہے، اس وقت بجلی کے بحران کے باعث کارخانے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں ایک دن میں دس سے زائد منصوبوں کے نام نہاد سنگ بنیاد رکھ قوم کو گمراہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب شہباز شریف اور آصف زرداری کا عدالتی ٹرائل ہوگا۔ انہوں  نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی انتہائی مہنگی ترین گیس خرید کر قوم وملک کے ساتھ فراڈ کیا گیا ہے۔

خاقان عباسی اسی کیس سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی جمہوریت ہے جہاں سے ڈھکن اٹھتا ہے کرپٹ لوگ نظر آتے ہیں۔ شیخ رشید نے بیرون ملک رہنے والے عظیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کی وہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں انہوں نے کہا کہ ہمیں اندرون ملک قوم کے اندر اتحاد،ا تفاق کی اشد ضرورت ہے۔ غیر ملکی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے دہشت گرد تنظیموں کو پیسہ دے کر رنگ، نسل، مذہب کے نام پر استعمال کررہی ہیں۔ شیخ رشید نے دعوت استقبالیہ میں دوران تقریربھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سخت الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تم نے پاکستان کے اندر اور افغانستان کے اندر جو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلا رکھا ہے اس کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان عالمی قوتوں اور دشمنوں کے لئے موت کا پیغام بن جائیگا۔ بہتر ہے کہ ہمارے دشمن ملک ہمارا امتحان نہ لیں اور یہ دہشت گردی وہ خود ختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ ان قوتوں کو سی پیک کے مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ یہ پاکستان کو خوشحال دیکھنا نہیں چاہتے، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سی پیک کا منصوبہ گوادر تاخنجراب بروقت مکمل ہوگا۔ اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان شاہراہ ترقی پر گامزن ہوجائیگا۔ شیخ رشید نے امریکہ میں حبیب بینک پر جرمانہ اور اس کے بند ہونے کا ذمہ دار نوازشریف اور شہباز شریف کو ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ امریکہ میں حبیب بینک کیوں بند ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے مجرم آج اسمبلی سے باہر ہیں اورمیں آج بھی قومی اسمبلی میں قوم کی نمائندگی کررہا ہوں۔ شیخ رشید کا دامن صاف ہے میں کسی سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا آپس میں اتحاد قائم رہے گا۔ میں اور عمران خان ایک ہیں، آئندہ الیکشن میں عوامی مسلم لیگ پی ٹی آئی کی حمایت کرے گی تاکہ عمران خان کی صورت میں قوم وملک کو ایک صاف ستھری قیادت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ مخلص قیادت ہی عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ پاکستان پر جمہوریت کے نام پر کرپٹ حکمرانوں کا قبضہ ہے۔ شیخ رشید نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں تحریک آزادی کشمیر میں فتح کشمیریوں کی ہوگی، بھارت کے حکمرانوں کو بالآخر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے سامنے ہتھیار ڈالنے پڑیں گے۔ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر ٹھوس پالیسی اختیار کرنا ہوگی، انہوں نے پانچ ملکوں کی برکس کانفرنس میں دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کی شرکت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کرکے پاکستان نے مثبت اقدام کیا ہے، اس کانفرنس میں چین کی شرکت ہمارے لئے باعث تشویش ہے کیونکہ چین کے صوبہ سنکیانگ کے حالات بھی خراب ہیں لیکن پاکستان کو بھارت کی پاکستانی مخالف سرگرمیوں پر نظر رکھناہوگی۔ یہ اعلامیہ بھارت کے ایما پر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں کشمیرمیں بھارت کی دہشت گردی کیوں نظر انداز کی گئی، تقریب کے اختتام پرراجہ وسیم کیانی نے مہمانوں کی آمد اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین