• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاریک کے رکن ممالک کیلئے علاقائی رابطہ انتہائی اہم ہے،اسحاق ڈار

ارومچی (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وسطی ایشیاعلاقائی اقتصادی تعاون (کاریک) کے رکن ممالک کیلئے علاقائی رابطہ انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ خطہ ماضی میں دنیا کے دیگر علاقوں کے مقابلہ میں علاقائی تجارت اور تعاون میں پیچھے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہاکو نکاؤ سے جمعہ کو ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں اے ڈی بی کی طرف سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے سرمائے کی فراہمی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کاریک اقدام کیلئے اے ڈی بی کی معاونت کو سراہا جو رکن ممالک کو تجارت اور ٹرانسپورٹیشن جیسے شعبوں میں تعاون کیلئے قریب تر لانے میں معاون ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کاریک انسٹی ٹیوٹ کیلئے اے ڈی بی کی معاونت قابل تحسین ہے، امید ہے کہ یہ انسٹی ٹیوٹ علاقائی ترقیاتی مسائل کے جدت کے حامل حل پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اے ڈی بی کے صدر نے پاکستان میں اے ڈی بی کے معاون اقدامات کیلئے مسلسل حوصلہ افزائی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آنے والے برسوں میں تعاون میں مزید اضافہ کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی علاقائی تعاون کے فروغ کے خواہاں کاریک کے رکن ممالک کو مالیاتی اور تکنیکی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاریک خطہ میں علاقائی رابطہ کے منصوبوں کیلئے بہت زیادہ گنجائش پائی جاتی ہے۔ وزیر خزانہ اور صدر اے ڈی بی نے پاکستان میں اے ڈی بی کے فنڈز سے جاری اور دیگر زیر غور منصوبوں کے بارے میں امور پر بھی بات چیت کی۔

تازہ ترین