• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے پاکستان کو کمزور ،اپنے خاندان کو مظبوط کیا، شیخ رشید احمد

لندن (وقار زیدی)نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں اپنے خاندان اوررشتہ داروں کو مضبوط اور پاکستان کو کمزور کیا کیونکہ وہ پاکستان سے زیادہ اپنی ذات کو اہمیت دیتے ہیں ۔یہ بات پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کرئیڈن میں اپنے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کہی۔ تقریب میں میں ان کی پارٹی کےرہنماؤں شیخ سلیم، حاجی منیر، جاوید شیخ، اشتیاق آرائیں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ سماجی، سیاسی رہنمائوں کی بڑی تعدادنے بھی شرکت کی ۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کو میاں نوازشریف پاکستانی سیاست میں اپنے سے آگے نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی ان کے لئے بہتر راستہ چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا چوہدری نثار بندہ اچھا ہے لیکن سیاسی فیصلے کرنے کی ہمت نہیں، مریم نواز کی مداخلت کے باعث شریف خاندان کی سیاست کو بہت بڑا جھٹکا لگا لیکن اب بھی ان کو کھلی چھٹی ہے کہ وہ سرکاری اختیارات کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے حلقہ 120کی الیکشن مہم میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہیں، ان کو روکنے والا کوئی نہیں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی بے ایمان، کرپٹ زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والے لٹیروں کا راج ہے، بدمعاش گروپوں کو سیاستدانوں کی بھرپورحمایت حاصل ہے۔غریب طبقہ ان کو مجبوراً ووٹ دیتا ہے جبکہ امیر لوگ الیکشن کے دن گھر سے باہر نہیں نکلتے لیکن اب پاکستان کا مضبوط قانون لٹیروں کا محاسبہ کرے گا کیونکہ عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان میں مضبوط ہوچکے ہیں، پاکستان کو بہتری کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں، ہمارے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے ملک کی سلامتی کے لئے قربانیاں دیکر دہشت گردی کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا، انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پاکستان کو دنیا میں اکیلا کرنے میں ناکام رہے گی، شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان کی عظیم قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عمران خان پاکستان کی آخری امید ہیں اگر ان کو موقع ملا تو وہ پاکستان میں بہت بہتری لاسکتے ہیں میں اور میری پارٹی ان کے ساتھ ہے اس وقت پاکستان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نوجوانوں اور تعلیم یافتہ باشعور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہےاور وہ آئندہ الیکشن میں سرخرو ہونگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر وحشیانہ دہشت گردی ہورہی ہے وہ بہت بڑے امتحان سے گزر رہے ہیں اسلامی دنیا اس ظلم کو روکنے میں خاموش ہے، سوائے ترکی کے۔ انہوں نے برما کے مسلمانوں کی حمایت میں ہونے والے لندن مظاہرے میں پاکستانی کمیونٹی سے شرکت کی اپیل بھی کی۔ شیخ رشید نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، ہمارے کشمیری بھائی سینوں پر گولیاں کھانے کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ہمیں ان پر فخر ہے ۔ شیخ رشید نے  کہا کہ بے نظیر بھٹو کا کیس جس کی چار ججز نے تحقیقات کیں، انٹرنیشنل اداروں نے بھی قتل کے بارے میں تفتیش کی جبکہ دوسری طرف ان کے وارث نہ کبھی عدالتوں میں گئے اور نہ کوئی دلچسپی لی اس فیصلے پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا میں سات بار وزیربنا چارجان جان لیوا حملے ہوئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ وطن واپس جاکر اپنی رہائش گاہ لال حویلی سے مسلمانوں پر برما میں ہونے والے مظالم کے خلاف اجتماعی ریلی نکالیں گے۔

تازہ ترین