راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق کی قیادت میں کرپشن فری پاکستان کے سلسلے میں احتساب مارچ آج لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پہنچے گا۔ اس موقع پر رات 9بجے سراج الحق وارث خان چوک مری روڈ پر عوامی اجتماع سے خطاب اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری بلال قدرت بٹ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں امیر سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی‘ جنرل سیکرٹری ضیاء اللہ چوہان‘ نائب اُمراء شیخ مسعود احمد‘ سید عزیر حامد‘ رضوان احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ سید عارف شیرازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیاقت باغ چوک پر بڑا استقبالیہ کیمپ لگایا جائیگا۔ اُنہوں نے بتایا کہ رضا احمد شاہ‘ اور بختیار الحق کیانی سمیت دیگر قائدین مختلف جلوسوں کی قیادت کرتے ہوئے پہنچیں گے۔