اسلام آباد(ایجنسیاں) احتساب عدالت نے بعض تکنیکی وجوہات کی بناء پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نوازشریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیئے۔ رجسٹرار آفس کے مطابق نیب کو حکم کیا گیا ہے کہ وہ ہل میٹل اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں غلطیوں کی درستگی کر کے 14 ستمبر تک جمع کروائیں۔
پیر کو رجسٹرار نے تکنیکی غلطیوں کی بناء پر ایون فیلڈ لندن اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ سے متعلق دو ریفرنس بھی نیب کو واپس بھجوائے تھے ۔ دریں اثناء نیب کے ترجمان کے مطابق نیب نے منگل کو فلیگ شپ انوسٹمنٹ سے متعلق اعتراضات دور کر کے احتساب عدالت میں دوبارہ جمع کرا دیا ہے۔
ادھر قومی احتساب بیورو(نیب)کے ترجمان نے احتساب عدالت کی طرف سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز اعتراضات لگاکرواپس کئے جانے کی تردیدکر تے ہوئے کہاہے کہ احتساب عدالت کے رجسٹرارنے ہماری دستاویزات کو تسلیم کرلیا ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق نیب کے ترجمان نے کہاکہ شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کاغذات مکمل کرنے کے بعد احتساب عدالت میں جمع کروادیئے گئے ہیں نیب کی جانب سے احتساب عدالت سے کوئی بھی ریفرنس واپس نہیں لیا گیا، شریف خاندان کے خلاف جمع کرائے گئے ریفرنسز کاغذات مکمل کرنے کے بعد احتساب عدالت میں جمع کروا ئے گئے ہیں ہم نے اس دستاویز کو مکمل کرلیا ہے جو لاپتہ تھے، تاہم احتساب عدالت کے رجسٹرارنے ہماری دستاویزات کو تسلیم کرلیا ہے۔