عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس سے شریف فیملی کی جان جاتی ہے کیونکہ پورا خاندان اس میں ملوث ہے ۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حدیبیہ پیپر مل کے کیس میں عوامی مسلم لیگ اکیلی ہے، ہمیں کیس میں پارٹی بنایا گیا ہے، اس حوالے سے رات کو نوٹس ملا تو سیدھا لندن سے پہنچا ہوں۔
انہوں نےکہا کہ قوم کے لیے خوشخبری ہے حدیبیہ کا کیس لگ گیا ہے۔700 ملین کا فراڈ ہے جو شریف خاندان نے کیا ہے۔ خوش آئند بات ہے کہ والیوم10 کے جواب آنا شروع ہوگئے ہیں۔ چند دنوں میں دیگر ملکوں سے بھی نوازشریف کے اثاثے ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نیب نے کورٹ کےسامنے 7دن میں حدیبیہ پیپر ملز کا کیس کھولنے کا کہا۔ اگر نیب کام نہیں کرتی تویہ توہین عدالت ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ عدالت سے کہوں گا کہ نیب سے پوچھے کہ نیب کیوں پہرہ نہیں دے سکتی جب کہ نیب نے کہا تھا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس کھولیں گے۔