راچڈیل (غلام مصطفیٰ مغل)راچڈیل ٹائون میں پاکستانی اور کشمیری نژاد برطانوی شہریت کے حامل افراد کی بڑی تعداد کئی دہائیوں سے رہائش پذیر ہے جو اس ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ مادروطن کا نام روشن کرنے کے علاوہ معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے جس طرح پہلے راچڈیل اور پاکستان کے شہر ساہیوال جڑواں تھے اسی طرح اب اس میں مزید مضبوطی اور عملی طور پر کاروبار، سیاحت و دیگر شعبہ جات میں روابط بڑھانے کے لئے آگے بڑھ کر کام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کے نئے قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے راچڈیل ٹائون ہال میں کونسلر عاصم رشید کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آپ لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے آئے ہیں پاکستانی قونصلیٹ کے دروازے اور ہنگامی صورتحال میں رابطے کیلئے ہماری خدمات 24گھنٹے حاضر ہیں ہم مزید بہتر انداز اور جوش و جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت اور کمیونٹی کو مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں کمیونٹی رہنمائوں کی رہنمائی اور اعتماد کی ضرورت ہے تاکہ باہمی رابطے اور مشورہ سے کمیونٹی کو سروس کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔ اس موقع پر راچڈیل کونسل کے میئر کونسلر این ڈک ورتھ نے کہا کہ پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہریوں کا ہمارے معاشرے میں کلیدی کردار ہے۔ ہمارے درمیان قریبی اور مضبوط رابطہ موجود ہے ہم مسلم کمیونٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تمام مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ میزبان کونسلر عاصم رشید نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو سیاست، کاروبار اور دیگر شعبہ جات میں آگے لانے کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ وہ برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کا نام روشن کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔