لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کبھی بھی عدالتی فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا۔اب میں نہ مانوں کی سیاست اور کرپشن راج کا خاتمہ ہونا چاہئے ، لوٹی گئی قومی دولت کو واپس لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔عدالت پانامہ سکینڈل کے دیگر 436کرداروں کو احتساب کے کٹہرے میں لائے اور لوٹی گئی قومی دولت کو واپس لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔
کرپشن کا خاتمہ اب نوشتہ دیوار ہے ۔جب تک عدالت اسحق ڈار کو کلیئر نہ کرے انہیں وزارت خزانہ سے اخلاقاًمستعفی ہوجانا چاہئے ۔ریویوپٹیشن سے وکلاءکا کام بنا ،نواز شریف کاکام نہیں بن سکا۔نواز شریف کے وکلاءپرانی تقریریں دہراتے اور گڑھے مردے اکھاڑتے رہے ۔نیب کے چیئرمین کو بھی اپنی ناکامی پر استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
مسلم ممالک روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے برمی سفیروں کو ملک بدر کریں اور برمی مسلمانوں کی امداد کیلئے مشترکہ فنڈ قائم کیا جائے،جماعت اسلامی جسٹس ریٹائرڈ ملک غلام محی الدین ،جسٹس ریٹائرڈ حافظ عبد الرحمن انصاری ،جسٹس عاطف اور جسٹس چمکنی پر مشتمل وفد جلد برما اور بنگلا دیش کے دورے پر بھیج رہی ہے ،پاکستانی قوم کو اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی کی اپیل مسترد ہونے پر اپنے ردعمل اور منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔