ایبٹ آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قومی دولت لوٹنے والے کسی ایک لٹیرے کو بھی قوم نہیں چھوڑے گی۔ اللہ نے غرور اور تکبر کے ایک پہاڑ کو سرنگوں کر دیاہے ۔ بہت جلد کرپشن کے دوسرے سومنات بھی گریں گے ۔ پیپلز پارٹی ناکامیوں کی داستان بنی اور اب مسلم لیگ بھی ناکامی کی تصویر بن چکی ہے ۔ خاندانی بادشاہتیں قائم رکھنے کے لیے بنائی گئی موروثی پارٹیا ں اب حکمرانوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں ۔ وزیراعظم عباسی مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بنگلہ دیش اور برما جانے کی بجائے امریکی آقائوں کے در پر حاضری دینے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے اور اب اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے نوازشریف کی نااہلی کو بہانا بنا رہی ہے ۔ اگر نواز شریف نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج ان کی بیٹی کو ووٹ مانگنے در در نہ جانا پڑتا ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے غرور اور تکبر کے ایک سومنات کو گرادیاہے اور جلد کرپشن کے دوسرے قلعے بھی مسمار ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف سید یوسف رضا گیلانی کو شرم دلاتے تھے کہ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا مگر قوم جانتی ہے کہ نوازشریف کو بھی شرم نھیں آئی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قوم کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔