اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی میں پرانی چپقلش پر ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا۔ بیوی کو گولی مارنے والے خاوند کیخلاف قتل کا مقدمہ درج ہو گیا جبکہ ایک خاتون سمیت 4افراد ٹریفک حادثات کی نذر ہو گئے جن میں دو موٹر سائیکل سوار بھی شامل تھے۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے مجسٹریٹ کالونی میں رہائش پذیر دو نوجوانوں کی باہمی چپقلش ایک کے قتل کا موجب بن گئی اور عرفان بھٹی قتل ہوگیا۔ مقتول کے بھائی عثمان بھٹی نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ شاپنگ کیلئے جا رہے تھے کہ عثمان ممتاز سامنے آ گیا اور لکارتے ہوئے عرفان پر گولی چلائی جو اسکے سینے پر لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایچ او انسپکٹر کاظمی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ مدعی نے بتایا کہ ملزم کے ساتھ مزید دو افراد بھی موجود تھے اس نے ایک ہی گولی چلانے پر اکتفا کیا۔ ریس کورس پولیس نے خاوند کے ہاتھوں قتل ہونیوالی خاتون عاصمہ پروین کے بھائی قیصر اقبال کی رپورٹ پر محمد کاشف اقبال کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ مدعی کے مطابق وہ میاں بیوی میں تصفیہ کیلئے گیا تھا کہ اسکی موجودگی میں خاوند نے بیوی کو قتل کر دیا۔ تھانہ بھارہ کہو کے علاقے سترہ میل پر ایک موٹر سائیکل سوار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔ اعجاز احمد کے مطابق اس کا بیٹا حسنات نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے نائنتھ ایونیو پر ایک موٹرسائیکل سوار کار نمبر پی پی615 کی ٹکر سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے متوفی سلامت علی کے بھتیجے غلام حیدر کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ کھنہ کے علاقے ضیاء مسجد کے قریب بس کی ٹکر سے سوفٹ گاڑی سی زیڈ237 کا نامعلوم ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بس ڈرائیور سخاوت کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ شمس کالونی کے علاقے آئی جے پی روڈ پر ٹویوٹا ہائی ایس ایل آر 2722 نے زاہد احمد کی بیوی اور بیٹی کو ٹکر مار کر زخمی کردیا۔ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے ٹویوٹا ہائی ایس کے ڈرائیور کیخلاف قتل خطاء کا مقدمہ درج کرلیا۔