• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا باکسنگ ڈے ٹیسٹ گلابی گیند سے کھیلنے کا خواہاں

کیپ ٹائون ( جنگ نیوز ) جنوبی افریقا کرکٹ (سی ایس اے) رواں برس پنک بال ٹیسٹ کرانے کی تیاری کررہا ہے، میچ باکسنگ ڈے پر ہوگا۔

البتہ پروٹیز بورڈ کو ابھی اس تاریخی میچ کیلئے حریف کی تلاش ہے۔ بھارتی ٹیم آئندہ برس کے اوائل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی اس لیے شیڈول مسائل کے سبب وہ 26 دسمبر کو ڈربن یا پورٹ ایلزبتھ میں مجوزہ میچ نہیں کھیل سکتی۔

اطلاعات کے مطابق حکام نے ایک میچ کیلئے پاکستان کو مدعو کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا لیکن گرین کیپس کو اگلے برس نیوزی لینڈ میں سیریز کھیلنے ہے۔ غالب امکان ہے کہ پڑوسی ملک زمبابوے کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلیے قائل کیا جاسکتا ہے۔ یہ جنوبی افریقا میں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔

کرکٹ جنوبی افریقا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ ہمارا انٹرنیشنل کرکٹ سیزن باکسنگ دن ٹیسٹ سے شروع ہوگا۔ حریف ٹیم کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کرکٹ جنوبی افریقا اور کھلاڑیوں کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔ ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ پلیئرز کو زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ ہو۔ ایونٹ کیلئے نومبر اور دسمبر کا انتخاب کیا گیا ہے، یہ ہمارے لیے آف سیزن ہے، جبکہ ان دنوں موسم بے حد خوشگوار ہوتا ہے، کوئی وجہ نہیں کہ لیگ کامیابی سے ہمکنار نہ ہو۔ خیال رہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ کا آغاز 3 نومبر سے جنوبی افریقا کے آٹھ شہروں میں ہوگا۔ اس 43 روزہ لیگ میں، مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین