کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے18 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ٹیم کی خراب کار کردگی کے بعد نئی ٹیم انتظامیہ اور نئی قومی سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت کے بعد تجربے کار فارورڈ اور کپتان حسیم خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
نواز اشفاق، علیم بلال ،عمیر سرفراز، دلبر حسن اور عرفان جونیئر کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم میں مجموعی طور پر پانچ تبدیلیاں کی ہیں، محمد عرفان قومی ٹیم کے نئے کپتان ہونگے۔
لندن میں ہونے والے ورلڈکپ رسائی رائونڈ میں قومی ہاکی ٹیم کی اس کار کردگی کے بعد پی ایچ ایف نے ٹیم انتظامیہ کو فارغ کردیا تھا جس میں ہیڈ کوچ سابق قومی کپتان حنیف خان بھی شامل ہیں، حسیم خان ان کے بھتیجے ہیں۔ جن نئے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ان میں عرفان سینئر، محمد عتیق، راشد محمود، رضوان سینئر، اور وقاص اکبر شامل ہیں۔ اولمپئن حسن سردار کی سربراہی میں تین رکنی نئی سلیکشن کمیٹی نے کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں دو روزہ ٹرائلز کے بعد ٹیم کا انتخاب کیا۔ اعلان کی گئی 18 رکنی ٹیم میں مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان( کپتان)، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد بٹ، ابوبکر، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر، اظفر یعقوب، عمر بھٹہ، رضوان سینئر، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز امجد شامل ہیں، ٹیم آ فیشلز میں فرحت خان منیجر اور ہیڈ کوچ، ملک شفقت اور محمد سرور کوچز،ڈاکٹر عاطف بشیر ٹیم ڈاکٹر اورابو ذر امرائو وڈیو انالسٹ ہونگے، اسٹینڈ بائیز کھلاڑیوں میں جنید کمال، علی حسن، فراز، عرفان جونیئر، شان ارشاد، سلیم ناظم، قمر بخاری، خضر اختر حسن انور، شجیحہ احمد شامل ہیں۔